لاہور (نیا محاذ) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر مختلف سرکاری اداروں کے ذمے 3 ارب 71 کروڑ روپے سے زائد واجبات باقی ہیں۔ کمپنی نے نادہندہ اداروں کو واجبات کی فوری ادائیگی کے لیے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اپریل 2025 میں بھی نادہندہ اداروں کو حتمی نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں بروقت ادائیگی پر زور دیا گیا تھا۔ تاہم، متعدد ادارے اب تک واجبات ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
سب سے زیادہ رقم ہسپتالوں کے ذمے واجب الادا ہے، جن کی مجموعی رقم 1.41 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
وفاقی ہسپتالوں پر 183.62 ملین
خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں پر 106.08 ملین
پنجاب کے ہسپتالوں پر سب سے زیادہ یعنی 1.12 ارب روپے واجب الادا ہیں۔
پولیس ادارے بھی بھاری واجبات ادا کرنے سے قاصر ہیں، جن پر مجموعی طور پر 499.7 ملین روپے بقایا ہیں۔
وفاقی پولیس: 141.5 ملین
خیبرپختونخوا پولیس: 63.13 ملین
پنجاب پولیس: 295.04 ملین روپے کے نادہندہ ہیں۔
جیل خانہ جات کے واجبات بھی 607.5 ملین روپے تک جا پہنچے ہیں، جبکہ
سی ڈی اے پر 251.2 ملین
پی ڈبلیو ڈی پر 141.6 ملین روپے واجب الادا ہیں۔
تعلیمی اداروں پر بھی ادائیگیاں واجب الادا ہیں:
وفاقی ادارے: 65.58 ملین
خیبرپختونخوا: 17.14 ملین
پنجاب: 32.55 ملین
یوں مجموعی طور پر 115.28 ملین روپے تعلیمی اداروں کے ذمے ہیں۔
دیگر سرکاری ادارے، جن میں مختلف وفاقی، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے ادارے شامل ہیں، ان کے ذمے مزید 685.8 ملین روپے کے واجبات باقی ہیں۔
سوئی ناردرن نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ ادارے کی مالی صورتحال متاثر نہ ہو۔
