کراچی (نیا محاذ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 7 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم مجموعی ذخائر میں معمولی کمی بھی نوٹ کی گئی ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 23 مئی 2025 کو زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر بڑھ کر 11 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں، جو کہ ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا خبر ہے۔
تاہم اس کے برعکس، کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 8 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد یہ ذخائر 5 ارب 12 کروڑ 7 لاکھ ڈالر تک محدود ہو گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق تمام ملکی ذخائر کو ملا کر مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر کی مالیت 16 ارب 63 کروڑ 67 لاکھ ڈالر تک آ گئی ہے، جو کہ پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 1 کروڑ 18 لاکھ ڈالر کم ہے۔
ماہرین کے مطابق مرکزی ذخائر میں اضافے سے ملک کی مالی پوزیشن میں بہتری کے آثار ہیں، تاہم نجی بینکاری نظام میں کمی معیشت کے چند شعبوں کی غیر یقینی صورت حال کی عکاسی کر سکتی ہے۔
