0

خیبرپختونخوا میں بارش، آندھی اور طوفان سے 8 افراد جاں بحق، مزید بارشوں کی پیشگوئی

پشاور (نیا محاذ) خیبرپختونخوا میں 27 مئی سے جاری شدید آندھی، طوفان اور بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران 8 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ 21 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ زخمیوں میں 10 مرد، 5 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔ قدرتی آفات کے باعث مجموعی طور پر 25 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 24 گھروں کو جزوی اور ایک کو مکمل نقصان ہوا۔
متاثرہ اضلاع میں پشاور، مردان، صوابی، شانگلہ، سوات، تورغر، مہمند، مانسہرہ اور ہری پور شامل ہیں جہاں مختلف مقامات پر درخت، چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے، خاص طور پر پشاور، مردان اور گردونواح میں موسم غیر یقینی رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں