خانیوال (نیا محاذ) خانیوال ریلوے اسٹیشن پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسافروں کے لیے استعمال ہونے والا واحد رابطہ پل گرنے سے ایک ریلوے اہلکار جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت ریلوے ایس ٹی (سیکشن ٹریفک) اکرم اور ایک خاتون پل سے گزر رہے تھے کہ اچانک پل منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں دونوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی خاتون کو نکالا، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اکرم جانبر نہ ہو سکے۔
زخمی خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق یہ پل قیام پاکستان سے قبل تعمیر کیا گیا تھا اور یہی پل ریلوے اسٹیشن کے دونوں اطراف کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت کا واحد ذریعہ تھا۔
واقعے کے بعد اسٹیشن پر آمد و رفت متاثر ہو گئی جبکہ پل کے انہدام نے ریلوے انفراسٹرکچر کی خستہ حالی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ شہریوں نے پرانے انفراسٹرکچر کی فوری مرمت اور اپ گریڈیشن کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
