حافظ آباد (نیا محاذ) حافظ آباد کے نواحی علاقے کسوکے میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک گھر کے اندر موجود لوہے کے صندوق سے دو معصوم بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق دونوں بچوں کو مبینہ طور پر قتل کر کے لاشیں بند صندوق میں چھپا دی گئی تھیں۔ یہ صندوق بچوں کے دادا کے گھر میں موجود تھا جہاں سے پولیس نے لاشیں برآمد کیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس دلخراش واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے جبکہ پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور واقعے کے پس منظر کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بچوں کی پرسرار موت نے پورے گاؤں کو سوگوار کر دیا ہے اور عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
