0

پاکستان کا بٹ کوائن ریزرو اور قومی کرپٹو والٹ قائم کرنے کا تاریخی اعلان

لاس ویگاس: پاکستان نے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کی دنیا میں بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پہلا سرکاری بٹ کوائن ریزرو اور قومی بٹ کوائن والٹ قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اہم اعلان ’بٹ کوائن ویگاس 2025‘ کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو، بلال بن ثاقب نے کیا۔
بلال بن ثاقب نے اپنے خطاب میں نہ صرف عالمی کرپٹو کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، بلکہ امریکا میں موجود پاکستانی کرپٹو مارکیٹ کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 40 ملین سے زائد کرپٹو والٹس موجود ہیں اور پاکستان دنیا کی بڑی فری لانسنگ معیشتوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے بٹ کوائن مائننگ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ڈیٹا سینٹرز کے لیے 2000 میگاواٹ اضافی بجلی مختص کی ہے تاکہ اس شعبے کو فروغ دیا جا سکے۔ نئی پالیسی کے تحت ایک قومی بٹ کوائن والٹ قائم کیا جائے گا جو ریاستی تحویل میں موجود ڈیجیٹل اثاثہ جات کی حفاظت کرے گا۔
اس موقع پر بلال بن ثاقب نے امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کوششوں اور کرپٹو اپنانے کی خدمات کو بھی سراہا۔ تقریب میں نائب امریکی صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ایک ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ بلاک چین پر مبنی مالیاتی نظام کو بہتر انداز میں ریگولیٹ کیا جا سکے۔ یہ اتھارٹی نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے بھی دروازے کھولے گی۔
یہ اقدام پاکستان کو عالمی کرپٹو مارکیٹ میں ایک فعال کھلاڑی بنانے کی جانب بڑا قدم ہے۔
ذرائع: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں