0

پاکستان میں بٹ کوائن مائننگ کے لیے سستی بجلی کی فراہمی کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ملک میں بٹ کوائن مائننگ کو فروغ دینے کے لیے ایک بڑا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت مائننگ کے لیے رعایتی نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق یہ نرخ 24 روپے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
پاور ڈویژن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت پاکستان کے پاس 7000 میگاواٹ بجلی سرپلس ہے، اور حکومت اس اضافی بجلی کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے کے لیے بٹ کوائن مائننگ کو ایک منفعت بخش موقع کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ اس سے قبل ونٹر پیکج میں بجلی کا نرخ 27 روپے فی یونٹ تھا، لیکن اب آئی پی پیز سے مذاکرات کے بعد نرخ میں کمی کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً 4 کروڑ کرپٹو صارفین موجود ہیں جن میں سے 2.5 کروڑ فعال ہیں۔ بٹ کوائن مائننگ کے لیے مسلسل اور سستی بجلی کی فراہمی بنیادی ضرورت ہوتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے حکومت دو اہم اہداف حاصل کرنا چاہتی ہے:
اضافی بجلی کی فروخت کے ذریعے کیپسٹی پیمنٹ میں کمی
مائننگ مارکیٹ کے فروغ سے بجلی کی کھپت میں اضافہ اور ڈیجیٹل ترقی
یاد رہے کہ حکومت نے پہلے ہی بٹ کوائن مائننگ اور AI ڈیٹا سینٹرز کے لیے 2000 میگاواٹ بجلی مختص کر دی ہے، اور اس تمام عمل کی نگرانی پاکستان کرپٹو کونسل کرے گی۔

یہ پالیسی نہ صرف ملکی معیشت میں نئی راہیں کھولے گی بلکہ پاکستان کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے عالمی منظرنامے میں نمایاں مقام دینے میں مددگار ثابت ہو گی۔
ذرائع: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں