لاہور: پاکستان کے بیشتر علاقوں میں سورج آگ برسانے لگا ہے، میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی نہ آ سکی۔ شہری علاقوں میں دن کے اوقات ناقابل برداشت ہو چکے ہیں جبکہ گرمی کے توڑ کے لیے عوام کی نظریں بارش پر جمی ہوئی ہیں۔
اندرون سندھ میں گرمی کی لہر خاصی شدت اختیار کر چکی ہے۔ دادو میں درجہ حرارت خطرناک حد تک 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ جیکب آباد، تربت اور سبی میں پارہ 47، حیدرآباد میں 46، ڈیرہ اسماعیل خان میں 42، اور لاہور و ملتان میں 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی، پشاور اور اسلام آباد میں بھی گرمی کا زور برقرار رہا جہاں درجہ حرارت 38 ڈگری تک پہنچا، جبکہ راولپنڈی اور کوئٹہ میں 35 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
دوسری جانب بالائی خیبرپختونخوا، مشرقی بلوچستان، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی جس سے عارضی ریلیف ملا، تاہم گرمی کی شدت میں مجموعی طور پر کوئی خاطر خواہ کمی نہیں آ سکی۔
محکمہ موسمیات نے اگلے چند دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ عوام کو دھوپ سے بچنے اور زیادہ پانی پینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ذرائع: نیا محاذ
