0

مصنوعی ذہانت کا بڑھتا اثر: IBM نے 8 ہزار ملازمین کو فارغ کر دیا

نیویارک: جدید ٹیکنالوجی کی تیزی سے ترقی نے ملازمتوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ معروف امریکی ٹیک کمپنی IBM نے مصنوعی ذہانت (AI) کےبڑھتے استعمال کے باعث اپنے 8 ہزار ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔ یہ تمام افراد زیادہ تر کمپنی کے ہیومن ریسورسز (HR) ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ تھے۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق، IBM نے حالیہ دنوں میں HR ڈیپارٹمنٹ کے کم از کم 200 عہدے AI ایجنٹس سے تبدیل کیے، جو خودکار طریقے سے ڈیٹا کی درجہ بندی، ملازمین کی رہنمائی اور روزمرہ کے انتظامی امور سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کمپنی کا مؤقف ہے کہ یہ قدم کام کو مزید مؤثر بنانے اور بچنے والے وسائل کو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، سیلز اور مارکیٹنگ جیسے ترقیاتی شعبوں میں استعمال کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
IBM کے سی ای او اروند کرشنا نے کہا ہے کہ ہم نے AI اور آٹومیشن کے ذریعے اپنے اندرونی نظام میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ کچھ ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے، تاہم مجموعی طور پر کمپنی میں ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ IBM ایک متوازن حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گوگل نے بھی سینکڑوں ملازمین کو اچانک نوکریوں سے برطرف کر دیا تھا۔ ان میں بیشتر افراد اینڈرائیڈ، پکسل فونز اور کروم براؤزرز جیسے اہم شعبوں میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
ذرائع: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں