0

مائیکروسافٹ کا نیا AI سسٹم ‘ارورہ’ طوفانوں کی پیشن گوئی میں ماہر نکل آیا

کیلیفورنیا: جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مائیکروسافٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا نیا مصنوعی ذہانت پر مبنی سسٹم ‘ارورہ’ (Aurora) طوفانوں کی پیشن گوئی روایتی طریقوں سے کہیں زیادہ درستگی سے کر سکتا ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق، ‘ارورہ’ کو سیٹلائٹ، ریڈار اور گراؤنڈ اسٹیشنز سے حاصل شدہ 10 لاکھ سے زائد گھنٹوں کے ڈیٹا پر تربیت دی گئی ہے۔ یہ سسٹم دنیا بھر میں موسم کی پیچیدہ تبدیلیوں کو سمجھنے اور مستقبل میں موسمی واقعات کی درست پیشن گوئی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ ’ارورہ‘ نے فلپائن میں ٹائفون ڈوکسوری کی آمد کی پیشگی اطلاع 4 دن پہلے فراہم کی، جو کئی ماہرین کے اندازوں سے زیادہ درست ثابت ہوئی۔ اسی طرح 2022–2023 میں آنے والے طوفانوں کی پیشگوئی میں بھی اس سسٹم نے امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ مزید برآں، 2022ء میں عراق میں آنے والے ریت کے شدید طوفان کی بھی بروقت پیشن گوئی کی گئی۔
اگرچہ موسم کی پیشگوئی میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کوئی نئی بات نہیں رہی، اور گوگل ڈیپ مائنڈ پہلے ہی ’ویدر نیکسٹ‘ کے نام سے AI سسٹم متعارف کرا چکا ہے، تاہم مائیکروسافٹ کا ‘ارورہ’ اس وقت تک عوامی سطح پر دستیاب جدید ترین ماڈلز میں سے ایک شمار ہوتا ہے۔
یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں قدرتی آفات سے قبل انتباہ دینے کے لیے انتہائی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے، جس سے انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
ذرائع: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں