کراچی: دو دن کی کمی کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کا اثر پاکستانی صرافہ بازاروں پر بھی پڑا۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 14 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 3 ہزار 309 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
عالمی رجحان کے نتیجے میں پاکستان میں فی تولہ سونا 1400 روپے مہنگا ہو گیا، جبکہ دس گرام سونے کی قیمت میں 1200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 49 ہزار 300 روپے جبکہ دس گرام سونا 2 لاکھ 99 ہزار 468 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی سیاسی کشیدگی، معاشی غیر یقینی صورتحال اور ڈالر کے مقابلے میں دیگر کرنسیوں کی کمزوری کے باعث ہوا ہے۔ مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
ذرائع: نیا محاذ
