0

دفاعی بجٹ میں اضافہ ناگزیر، پاکستان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آنے والے بجٹ میں دفاعی اخراجات میں اضافہ کیا جائے گا کیونکہ پاکستان کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت تھپڑ مارے گا تو پاکستان مکا مارے گا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دشمن یہ نہ سمجھے کہ وہ پاکستان کو نقصان پہنچا سکتا ہے، یہ ان کی بڑی غلط فہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں شاید ہی کوئی مثال ہو کہ پانی جیسے بنیادی انسانی حق کو بطور ہتھیار استعمال کیا جائے، اور بھارت کے پاس ایسا کوئی انفراسٹرکچر بھی موجود نہیں ہے جس سے وہ پاکستان کا پانی روک سکے۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ اس وقت خطے کو لڑائی نہیں بلکہ ترقی کی ضرورت ہے، ہمیں ترقی کے میدان میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرنا چاہئے نہ کہ دشمنی کے۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی سیاستدانوں سے بات چیت کرنے کے خواہشمند نہیں، ان کی رہائی کا فیصلہ حکومت یا فوج نہیں بلکہ عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائی کا واحد راستہ یہی ہے کہ وہ اپنی بےگناہی عدالت میں ثابت کریں۔
ذرائع: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں