0

بھارت کی آبی دھمکیاں ناقابل قبول، پاکستان کا پانی کبھی بند نہیں ہو سکتا: وزیراعظم شہباز شریف

لاچین: وزیراعظم شہباز شریف نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ پانی پاکستان کی زندگی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت چاہے کچھ بھی کر لے، وہ پاکستان کے پانی کے بہاؤ کو نہیں روک سکتا۔
وزیراعظم نے لاچین میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آذربائیجان کے عوام اور صدر کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان نے اپنی آزادی حاصل کر کے دنیا کے سامنے ایک طاقتور قوم کی مثال قائم کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ یہ سہ فریقی اجلاس اس عزم کی تجدید ہے کہ تینوں ممالک باہمی تعاون اور دوستی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے ترک صدر کی جانب سے پی کے کے کے مسئلے کے حل کے انداز کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کا کوئی ثبوت نہ دینے پر بھی شدید تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس واقعے کی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی جسے بھارت نے رد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی آڑ میں بھارت نے جارحیت کا راستہ اپنایا، جس کا پاک فوج نے پیشہ ورانہ انداز میں بھرپور جواب دیا اور قوم نے اپنی افواج کا مکمل ساتھ دیا۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آبی جارحیت کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
اپنی تقریر میں وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان دنیا میں دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ہونے والا ملک ہے، جہاں 90 ہزار جانوں کی قربانی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور آذربائیجان جیسے سچے دوست پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، اور یہ تینوں ممالک امن، انصاف اور اعلیٰ اقدار کے علمبردار ہیں۔

ذرائع: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں