لاہور (نیا محاذ)
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق تین اہم مقدمات میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع کر دی ہے۔
اے ٹی سی کے ایڈمن جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان آتشزدگی کیسز کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عمر ایوب کے وکلاء کی جانب سے ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمر ایوب کی طبیعت ناساز ہے، وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی غیر حاضری کو معاف کر دیا اور عبوری ضمانت میں 27 جون 2025 تک توسیع کر دی۔ ساتھ ہی پولیس کو ہدایت کی گئی کہ آئندہ سماعت پر مقدمات کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔
یاد رہے کہ عمر ایوب نے 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں درج تین مقدمات میں عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ، بغاوت اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے لیے اکسانے میں کردار ادا کیا۔
رپورٹ: نیا محاذ
