0

چین میں رات کو دیکھنے والے جدید کانٹیکٹ لینز ایجاد، آنکھیں بند کر کے بھی دکھائی دے گا

بیجنگ (نیا محاذ)
چینی سائنسدانوں نے ایک حیرت انگیز ایجاد کرتے ہوئے ایسے کانٹیکٹ لینز تیار کر لیے ہیں جو نہ صرف اندھیرے میں دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ آنکھیں بند ہونے کے باوجود بھی انسان کو دکھائی دیتا ہے۔
یہ جدید لینز چین کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے تیار کیے ہیں جو خاص نینو پارٹیکلز اور لچکدار پولیمرز پر مشتمل ہیں۔ یہ لینز انفرا ریڈ روشنی کو انسانی آنکھوں کے لیے قابل دید روشنی میں بدل دیتے ہیں، خاص طور پر Near-Infrared (800 سے 1600 نینو میٹر) رینج میں آنے والی روشنی کو، جو عام طور پر انسانی آنکھ نہیں دیکھ سکتی۔
اس ایجاد کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ کسی بھی پاور سورس یا بیٹری کے بغیر کام کرتی ہے، جو کہ روایتی نائٹ وژن گگلز سے ایک نمایاں فرق ہے۔
تحقیقات کے دوران ابتدائی تجربات چوہوں پر کیے گئے، جنہوں نے ان لینز کی مدد سے اندھیرے میں انفرا ریڈ روشنی کو محسوس کیا اور اس طرف بڑھنے کی صلاحیت ظاہر کی، جبکہ بغیر لینز کے چوہے روشنی محسوس نہ کر سکے۔
بعد ازاں انسانی تجربات میں بھی یہ بات سامنے آئی کہ شرکاء نے آنکھیں بند ہونے کے باوجود فلیکرنگ انفرا ریڈ روشنی کو دیکھ کر اس کی سمت پہچان لی۔ سائنسدانوں کے مطابق آنکھوں کے پپوٹوں سے انفرا ریڈ روشنی با آسانی گزر جاتی ہے، جس کی وجہ سے بند آنکھوں سے بھی دیکھنا ممکن ہو جاتا ہے۔
ڈاکٹر تیان ژو، جو اس تحقیق کے سربراہ نیوروسائنسدان ہیں، کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں “سپر وژن” جیسی خصوصیات عام انسانوں کے لیے ممکن بنا سکتی ہے اور یہ ایجاد سیکیورٹی، نیویگیشن اور دیگر کئی شعبوں میں انقلاب برپا کر سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں