لاہور (نیا محاذ)
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پی ایس ایل 10 کے شاندار اور کامیاب اختتام پر لیگ انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کی عنایت اور پاکستان کرکٹ بورڈ و پی ایس ایل ٹیم کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے پاک آرمی، رینجرز، پولیس اور انتظامیہ کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے تینوں مسلح افواج — پاک آرمی، ایئر فورس اور نیوی — کی بہادری اور جرات کو خراج تحسین پیش کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر احمد بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے سٹیڈیم آ کر میچ کا لطف اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب دشمن کے حملے کے باوجود پی ایس ایل کا دوبارہ آغاز ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن کامیابی کے ساتھ یہ ٹورنامنٹ انعقاد پاکستان کی سلامتی اور استحکام کا ثبوت ہے۔
پی ایس ایل 10 کا فائنل گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا جہاں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی تیسری چیمپئن شپ جیتی۔
