لاہور (نیا محاذ)
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا تمام سیاسی جماعتوں کی موجودگی کی ضمانت ہے، اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک و جمہوریت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی قیادت میں پیپلزپارٹی اٹک کی تنظیم اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی کی تنظیمی حکمت عملی اور عوامی مسائل پر گفتگو کی گئی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے وقت پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتیں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھیں، اور دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ پسے ہوئے طبقات، محنت کشوں، سرکاری ملازمین اور مزدوروں کی آواز بنی ہے، اور اب پنجاب میں دوبارہ فعال ہو کر عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے اگلے نوجوان وزیراعظم ہوں گے، جو عوامی مینڈیٹ کے ساتھ آگے آئیں گے۔
اٹک کی تنظیم نے صدرِ مملکت کو اٹک کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے آصف علی زرداری نے قبول کرتے ہوئے جلد دورے کی یقین دہانی کرائی۔
رپورٹ: نیا محاذ
