0

مالٹا کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان، 20 جون کو باضابطہ منظوری دی جائے گی

ویلیٹا (نیا محاذ)
یورپی ملک مالٹا نے بالآخر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مالٹا کے وزیرِاعظم رابرٹ ابیلا نے تصدیق کی ہے کہ ملک 20 جون 2025 کو فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق مالٹا کا یہ فیصلہ عالمی برادری کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی مہم میں ایک اور اہم قدم ہے۔ رابرٹ ابیلا نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ فرانس اور سعودی عرب رواں سال جون میں دو ریاستی حل پر مبنی ایک مشترکہ کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ مالٹا نے اپریل 2023 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کی مکمل رکنیت کے حق میں ووٹ دیا تھا، تاہم اب تک رسمی طور پر فلسطین کو تسلیم نہیں کیا گیا تھا۔
عالمی سطح پر فلسطینی ریاست کی حمایت میں اضافہ
اب تک اقوام متحدہ کے 193 میں سے 147 ممالک فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔ حالیہ برسوں میں آرمینیا، سلووینیا، آئرلینڈ، ناروے، اسپین، بہاماس، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو، جمیکا اور بارباڈوس جیسے ممالک نے بھی فلسطین کو تسلیم کیا ہے۔
تاہم اس عالمی حمایت کے باوجود امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا اور جرمنی جیسے اہم مغربی ممالک نے اب تک فلسطین کو ریاستی حیثیت نہیں دی ہے۔ گزشتہ ماہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے بھی عندیہ دیا تھا کہ فرانس جلد اس حوالے سے اہم فیصلہ کر سکتا ہے۔
رپورٹ: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں