0

غزہ میں اسرائیلی اسکول پر حملہ، 25 فلسطینی شہید، یورپ میں شدید احتجاج

مغربی کنارہ (نیا محاذ)
اسرائیلی فضائی حملے نے غزہ کے ایک اسکول کو نشانہ بنایا، جس میں 25 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ حملہ رات گئے فاہمی الجرجاوی اسکول پر کیا گیا، جہاں بے گھر افراد نے پناہ لی ہوئی تھی۔ بمباری سے اسکول میں شدید آگ لگ گئی اور عمارت کا نصف سے زائد حصہ تباہ ہو گیا۔
سول ڈیفنس حکام کے مطابق اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ غزہ کے حکام نے عالمی برادری سے اسرائیلی جنگی جرائم روکنے کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب یمن کے حوثیوں نے اسرائیل کے بین گوریون انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے اس پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ادھر فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی اور عالمی برادری کی خاموشی پر شدید غصے کا اظہار کیا۔
یہ مظاہرہ ایسے وقت ہوا جب اسپین کے شہر میڈرڈ میں بیس ممالک کے حکام فلسطینی مسئلے پر بات چیت کے لیے اجلاس کر رہے ہیں۔ یورپی یونین نے بھی اسرائیل سے فوجی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی انروا نے بھی غزہ میں انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ادارے کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں 950 سے زائد بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ غزہ کے بچوں کو ناقابلِ تصور اذیت کا سامنا ہے، وہ بھوک، بے گھری اور بمباری کا سامنا کر رہے ہیں۔
انروا نے کہا ہے کہ تباہی کو روکنے کے لیے غزہ میں روزانہ 500 سے 600 امدادی ٹرکوں کی ضرورت ہے۔ مگر اسرائیل نہ صرف خوراک کی تقسیم کے مراکز، بلکہ اسپتالوں پر بھی میزائل حملے کر رہا ہے، جو کہ مبصرین کے مطابق منظم نسل کشی اور جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں