0

عید الاضحیٰ کیلئے اسلام آباد میں 6 مویشی منڈیوں کی منظوری، مقامات اور فوکل پرسنز کا اعلان

اسلام آباد (نیا محاذ)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید الاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی سہولت کے لیے 6 مقامات پر مویشی منڈیاں لگانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے منڈیوں کے قیام کی منظوری دی، جنہیں شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی خریداری میں آسانی ہو۔
مویشی منڈیاں سنگجانی، آئی-15، آئی-12، بہارہ کہو، لہتڑار روڈ اور ایکسپریس وے پر قائم کی جائیں گی۔ ہر منڈی کے لیے فوکل پرسنز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ نظم و ضبط اور سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔
سنگجانی میں قائم منڈی کی فوکل پرسن اسسٹنٹ کمشنر ماہین حسن ہوں گی، آئی-12 کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر فروا بتول کریں گی، آئی-15 کے فوکل پرسن اسسٹنٹ کمشنر نیہل عبداللہ ہوں گے۔ اسی طرح بہارہ کہو کے لیے اسسٹنٹ کمشنر عزیر علی خان، لہتڑار روڈ کے لیے محمد علی، اور ایکسپریس ہائی وے منڈی کی نگرانی فہد چیمہ کریں گے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مویشی منڈیوں میں صفائی، حفظان صحت اور قواعد و ضوابط کا خاص خیال رکھیں تاکہ عید الاضحیٰ کے ایام پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
رپورٹ: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں