0

ڈی پورٹ افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، ایف آئی آر درج، پاسپورٹ منسوخ کیا جائے گا

اسلام آباد: (نیا محاذ) وفاقی وزارت داخلہ نے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی جبکہ پاسپورٹ بھی منسوخ کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ انہیں پانچ سال کے لیے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ پر بھی شامل کر دیا جائے گا۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ نے بھی شرکت کی۔
محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر بدنامی اور شرمساری کا باعث بن رہے ہیں، اس لیے اب ان کے ساتھ کوئی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی۔
وزیر داخلہ کی ہدایت پر پاسپورٹ قوانین کو مزید سخت اور مؤثر بنانے کے لیے وفاقی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، جو قوانین میں ضروری ترامیم تجویز کرے گی۔
وفاقی حکومت کا یہ اقدام ان افراد کے خلاف ہے جو غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں اور بعد ازاں ڈی پورٹ ہو کر واپس آتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل قومی وقار کو مجروح کرتا ہے، اور قانونی نظام کو بہتر بنانے کے لیے سخت فیصلے ناگزیر ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں