0

ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، درجہ حرارت میں کمی متوقع

لاہور: (نیا محاذ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں آج گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے موسم میں خوشگوار تبدیلی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، نارووال، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی اور سیالکوٹ کے علاقوں میں بارش کے ساتھ آندھی اور طوفان کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں بادل چھائے رہنے اور موسمی نظام کے اثرات جاری رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے مردان، پشاور، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی گرج چمک، آندھی اور بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جو کسانوں اور شہریوں کے لیے ایک بڑی تبدیلی ثابت ہو سکتی ہے۔
ادھر سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی ہے، جہاں درجہ حرارت معمول سے خاصا بلند رہے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سبی میں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جو رواں سیزن کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں