ہالی وڈ: (نیا محاذ) عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار مائیکل جیکسن پر بننے والی نئی بایوپک فلم کی ریلیز ایک سال تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ فلم پہلے 18 اپریل 2025 کو ریلیز ہونا تھی، جسے بعد ازاں 3 اکتوبر 2025 تک مؤخر کر دیا گیا، تاہم اب اس کی ریلیز 2026 کے بعد ممکن ہے۔
اسٹوڈیو لائنس گیٹ کے سی ای او جون فیلتھائمر نے بتایا ہے کہ فلم میں موجود متنازع مناظر کی دوبارہ عکس بندی تاخیر کی اہم وجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مالی سال 2025 میں فلم کی ریلیز ممکن نظر نہیں آتی، جس کے باعث کمپنی کے مالی نتائج متاثر ہو سکتے ہیں، تاہم مالی سال 2027 کی منصوبہ بندی کو اس سے تقویت ملے گی۔
یاد رہے کہ لائنس گیٹ کے مالی سال کا اختتام 31 مارچ 2026 کو ہوتا ہے، اس لیے فلم کی ریلیز اپریل 2026 کے بعد متوقع ہے۔
فلم ڈویژن کے سربراہ ایڈم فوگل سن نے تصدیق کی ہے کہ فلم کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ فلم کی تاخیر کی ایک اور بڑی وجہ 1993 کا خفیہ عدالتی تصفیہ ہے، جس کے تحت کچھ متعلقہ فریقین کو فلم کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔
مداحوں کو اب مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی اس فلم کا مزید طویل انتظار کرنا پڑے گا، جس میں ان کی ذاتی زندگی، فنی سفر اور تنازعات کو فلمایا گیا ہے۔
