0

ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری آج اہم نیوز کانفرنس کریں گے

اسلام آباد: (نیا محاذ) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری آج اڑھائی بجے دوپہر اہم نیوز کانفرنس کریں گے۔ اس کانفرنس میں ان کے ساتھ وفاقی سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی بھی موجود ہوں گے، جو موجودہ ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر روشنی ڈالیں گے۔
یہ نیوز کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ڈی جی آئی ایس پی آر نے حال ہی میں الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کے حوالے سے اہم بیانات دیے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، جو بھارتی فوج ہمیشہ یاد رکھے گی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی جانب سے جو عسکری حکمت عملی اپنائی گئی، وہ کئی دہائیوں تک عسکری ماہرین کے لیے ایک مثال بنی رہے گی۔
سندھ طاس معاہدے پر واضح موقف
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے انٹرویو میں سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھی سخت موقف اختیار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت اس معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو کشمیر کی آزادی کے بعد تمام چھ دریا پاکستان کے ہوں گے۔
متوقع نیوز کانفرنس میں خطے میں جاری کشیدگی، داخلی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور بھارت کے اشتعال انگیز رویے پر مزید اہم اعلانات کیے جانے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں