0

پاکستان کا مودی کے الزامات پر شدید ردعمل: بے بنیاد، اشتعال انگیز اور خطے کے امن کے لیے خطرناک

اسلام آباد: (نیا محاذ) دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، اشتعال انگیز اور خطرناک قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مودی کے بیانات خطے میں امن و استحکام کو متاثر کرنے کی دانستہ کوشش ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت اپنے سیاسی مفادات کے لیے کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے۔ ایسے بیانات عوام کو گمراہ کرنے اور اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کا حربہ ہیں، جو کہ ایک ذمہ دار ریاستی نظام کے اصولوں کی خلاف ورزی بھی ہے۔
پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی شراکت دار
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں ایک فعال اور ذمہ دار شراکت دار ہے۔ پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگانا سراسر گمراہی پر مبنی اور بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ خودمختار ریاست کے خلاف فوجی کارروائی پر فخر کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور ایسا رویہ خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
پاکستان کا پیغام: امن کو کمزوری نہ سمجھا جائے
دفتر خارجہ نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان نے ماضی میں بھی ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور آئندہ بھی قومی خودمختاری کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے نفرت انگیز بیانیے کا سخت نوٹس لیا جائے، کیونکہ یہ بیانیہ نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرناک ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھی کرتا ہے۔
ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی جارحیت کا مناسب، موثر اور بھرپور جواب دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں