نیویارک: (نیا محاذ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے عالمی برادری کی توجہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی قبضے میں منظم جبر و تشدد کا شکار ہیں۔
سلامتی کونسل میں مسلح تنازعات کے دوران شہریوں کے تحفظ پر ہونے والی بحث میں خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادیاتی ساخت میں غیر قانونی تبدیلی کے اقدامات کر رہا ہے، جو نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے عوام کو حقِ خود ارادیت دلانے کے لیے فوری اقدامات کرے جیسا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں درج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ مسلح تنازعات میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے غزہ میں ہسپتالوں پر اسرائیلی حملوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو فوری ردعمل دینا چاہیے تاکہ انسانی جانوں کا مزید ضیاع روکا جا سکے۔
