0

9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: حماد اظہر، محمود الرشید کے خلاف گواہ کا بیان، وکلاء کو طلبی

لاہور – (نیا محاذ) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کی سماعت کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت نے ملزمان کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر گواہ کے بیان پر جرح کیلئے طلب کر لیا ہے۔
سماعت کے دوران پولیس اہلکار نے حماد اظہر، میاں محمود الرشید اور اسلم اقبال کے خلاف بیان ریکارڈ کروایا۔ گواہ نے عدالت کو بتایا کہ 11 مئی کی رات کلمہ چوک پر ڈیڑھ سو سے دو سو افراد حماد اظہر اور دیگر کی قیادت میں جمع ہوئے، جہاں انہوں نے اشتعال انگیزی کی۔
گواہ کے مطابق مشتعل افراد نے کنٹینر اور ٹریفک وارڈن کے کیبن کو نذر آتش کیا اور ریاست مخالف نعرے بازی کی۔ پولیس نے مداخلت کی کوشش کی تو پتھراؤ اور پٹرول بموں کا سامنا کرنا پڑا، جس سے صورتحال مزید خراب ہو گئی۔
پولیس نے موقع پر سے دس افراد کو گرفتار کیا اور تفتیش کے بعد 24 اکتوبر کو ہونے والی شناخت پریڈ میں 10 ملزمان کو شناخت کیا گیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء کو جرح کیلئے طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں