0

مردان میں پولیس مقابلہ، دو خطرناک ملزمان ہلاک

مردان – (نیا محاذ) خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مبینہ مقابلے میں دو مطلوب ملزمان ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی چارسدہ روڈ پر واقع سبزی منڈی کے قریب کی گئی، جہاں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے جواب میں جوابی فائرنگ کی گئی، نتیجتاً دونوں ملزمان موقع پر ہی مارے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان صوابی، نوشہرہ اور مردان پولیس کو سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔ جائے وقوعہ سے 2 عدد پستول، کارتوس، چاقو اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں، جو مزید تفتیش میں معاون ثابت ہوں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
یہ کارروائی علاقے میں جرائم کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہے جس کا مقصد امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں