اسلام آباد – (نیا محاذ) جنرل سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر تقرری کے بعد سوشل میڈیا پر ’’فیلڈ مارشل فاتحِ حق عاصم منیر‘‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر پہنچ گیا۔ عوام کی جانب سے سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی اور خراجِ تحسین کا سلسلہ جاری ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس تقرری پر مبارکباد کے پیغامات شیئر کیے اور کہا کہ عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا، جس سے وطن عزیز کا دفاع مضبوط ہوا اور پوری قوم کو فخر محسوس ہوا۔
یہ ٹرینڈ نہ صرف قومی سطح پر مقبول ہوا بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھی اسے خوب سراہا گیا۔ صارفین نے عاصم منیر کو قوم کا اصل ہیرو قرار دیا اور ان کی بہادری اور قیادت کو سراہتے ہوئے مختلف پوسٹس اور ویڈیوز میں جذبات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ 10 مئی کی صبح، بھارتی جارحیت پر پاک فوج نے آرمی چیف کی قیادت میں بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے بعد دشمن کو جنگ بندی پر مجبور ہونا پڑا۔
عوامی ردِعمل نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے سپہ سالار کے ساتھ کھڑی ہے اور فخر کے ساتھ انہیں ’’فاتحِ حق‘‘ کہتی ہے۔
