رحیم یار خان: (نیا محاذ) ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں پولیس نے کچہ کے علاقے کچہ راضی میں ایک بھرپور انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کا مقصد میرا لٹھانی گینگ سمیت دیگر خطرناک مجرموں کا خاتمہ تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں کچہ کے بدنام زمانہ ڈاکو اور اغواء کار میرا لٹھانی، خان بیگ لٹھانی، سائیں داد لٹھانی، فدا لٹھانی اور مودی لٹھانی کی کمین گاہوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، ڈرونز، جدید اسلحہ اور ایلیٹ کمانڈوز کی بھرپور مدد حاصل رہی۔
پولیس نے متعدد کمین گاہوں کو مسمار اور نذرآتش کر دیا جبکہ دو مشکوک افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ کچہ کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا مشن ہے اور یہاں بلا تفریق جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
