0

ترجمان پاک فوج: پاکستان خطے میں امن کا داعی، بھارت نے نور خان ایئربیس کو نشانہ بنایا

راولپنڈی: (نیا محاذ) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، لیکن بھارت کی جارحیت اس راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے نیو یارک ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ بھارت نے نور خان ایئر بیس سمیت دیگر اہم مقامات کو نشانہ بنایا، جس کے باوجود پاکستان نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ عسکری افسران کے درمیان مسلسل رابطہ موجود ہے اور ایک مؤثر مکینزم بھی فعال ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی فضائی صلاحیت مکمل طور پر بحال اور مؤثر انداز میں سرگرم ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پاکستان نے اپنے جانی اور مالی نقصانات کے بارے میں شفافیت دکھائی، کیا بھارت بھی اسی دیانتداری کا مظاہرہ کر رہا ہے؟
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ
معروف امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے تصدیق کی ہے کہ بھارت کی جانب سے 7 مئی کو کیے گئے یکطرفہ میزائل حملے کے بعد پاکستان نے صرف اپنے دفاع تک محدود کارروائی کی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے۔
نیویارک ٹائمز کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے جنگ بندی کا احترام کر کے ذمہ داری کا ثبوت دیا، جب کہ بھارت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں