0

بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، دو اہلکار شہید، وزیر داخلہ کی مذمت

بنوں: (نیا محاذ) خیبرپختونخوا کے شہر بنوں میں نیو سبزی منڈی پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں نے پولیس چوکی کے مرکزی گیٹ کو بارودی مواد سے اڑا کر حملہ کیا، جس کے بعد اندر داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ اس حملے کے نتیجے میں قریبی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے سے چوکی میں نصب بجلی کا ٹرانسفارمر کھمبے سے نیچے گر گیا جس سے سبزی منڈی کی بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی اہلکار کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، اور آج بھی کے پی کے پولیس اس جنگ میں ہراول دستے کے طور پر لڑ رہی ہے۔
یہ حملہ ایک بار پھر دہشتگردی کے چیلنجز کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے، تاہم پاکستانی عوام اور سیکیورٹی ادارے اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں