واشنگٹن – (نیا محاذ) امریکا کی سینیٹ کمیٹی میں غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جارحیت فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی موجودگی کے دوران ایک شخص، جس نے “نو ڈالر ٹو اسرائیل” کی عبارت والی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی، اچانک احتجاجاً کھڑا ہو گیا اور زور دار آواز میں “نسل کشی بند کرو” کا نعرہ بلند کیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرہ کرنے والے شخص کو فوراً اجلاس سے باہر نکال دیا، تاہم اس واقعے نے اجلاس میں ایک خاموش مگر مؤثر احتجاج کا رنگ بھر دیا۔
ادھر یورپی یونین نے بھی اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری جارحیت پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔ یورپی عہدیداروں کے مطابق خطے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر خاموشی ممکن نہیں، اور اس بارے میں سخت اقدامات زیر غور ہیں۔
غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تنقید اسرائیل کے رویے پر بین الاقوامی دباؤ میں اضافے کی نشاندہی کر رہی ہے۔
