0

رمیز راجہ: پاکستانی قوم نے چار دن میں قوم بن کر دکھایا، کرکٹ سے پاکستان کی عزت جڑی ہے

راولپنڈی: (نیا محاذ) سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے صرف چار دن میں ایک مضبوط قوم کا ثبوت دیا ہے، اور ہر چیلنج کو موقع میں بدل کر دکھایا ہے۔
یوم تشکر کی تقریب کے دوران میڈیا سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ ہر مشکل وقت کے بعد ہیرو بننے کا موقع ملتا ہے، اور پاکستان نے یہ کر دکھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں دباؤ ہوتا ہے، اور عظیم کھلاڑی وہی بنتے ہیں جو دباؤ کا سامنا کرتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے ہماری قوم نے کیا۔
انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی مہذب قوم کا یہ وطیرہ نہیں ہوتا کہ وہ کرکٹ جیسے کھیل پر حملہ کرے، لیکن بھارت نے لحاظ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی اور کھیل جیسے شعبے پر حملہ کرنے والی کوئی خاندانی قوم نہیں ہو سکتی۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ پاکستان کی عالمی پہچان ہے، جو دنیا بھر میں سرخیاں بنتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان دیگر شعبوں میں ترقی کیوں نہ کر سکا، حالانکہ ہر پاکستانی کرکٹ کا سٹیک ہولڈر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کرکٹ ہے تو ہماری عزت ہے، اور ہمیں مل کر پاکستانی کرکٹ کو مزید بلندیوں تک لے جانا ہے، کیونکہ کرکٹ سے ہی پاکستان کی عالمی شناخت اور عزت جڑی ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں