نئی دہلی: (نیا محاذ) بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگ بندی میں کردار سے متعلق تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی مکمل طور پر دو طرفہ فیصلہ تھا، جس میں امریکہ یا ٹرمپ کا کوئی کردار شامل نہیں تھا۔
وکرم مسری نے بھارتی پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ نے نہ ہی بھارت سے کوئی اجازت لی اور نہ ہی جنگ بندی میں ان کی مداخلت کو بھارت نے قبول کیا۔ ان کے بقول، ٹرمپ اپنی مرضی سے اس معاملے میں منظرِ عام پر آئے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ دونوں ممالک نے خود یہ فیصلہ کیا تھا۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ اگرچہ جاری رہا، لیکن یہ محض روایتی جنگ کی حد تک محدود تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی ایٹمی حملے یا اس نوعیت کے اشارے موصول نہیں ہوئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، پارلیمانی کمیٹی کے ارکان نے بار بار سوال کیا کہ پاکستان کے ساتھ جھڑپ میں بھارت کے کتنے طیارے تباہ ہوئے، تاہم وکرم مسری نے قومی سلامتی کا بہانہ بنا کر جواب دینے سے مسلسل گریز کیا۔
