لاہور: (نیا محاذ) پنجاب حکومت نے بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں کے لیے مالی امدادی فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ یہ فنڈز وزیراعظم پاکستان کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے جنہیں صوبے کے 14 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فراہم کر دیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق امداد کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے: شہداء، شدید زخمی اور معمولی زخمی۔ بھارتی حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے جبکہ شدید زخمی افراد کو 20 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ معمولی زخموں کے شکار افراد کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
جن اضلاع کو یہ فنڈز جاری کیے گئے ہیں ان میں قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، مری، بہاولپور، بہاولنگر، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، سیالکوٹ، خانیوال، اوکاڑہ اور راولپنڈی شامل ہیں۔
تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ امدادی رقوم کی شفاف اور بروقت تقسیم یقینی بنائی جائے اور اس کی تفصیلی رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کی جائے۔
