0

ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھارت کو سخت پیغام: حملہ ہوا تو ردعمل تیز اور وحشیانہ ہوگا

راولپنڈی: (نیا محاذ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بھارت کو واضح اور دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اسرائیل ہے نہ پاکستان فلسطین، اگر دشمن نے دوبارہ حملے کی کوشش کی تو پاکستان کا ردعمل تیز اور انتہائی سخت ہوگا۔
ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ دہشتگردی کا شکار ملک ہے۔ جنوری 2024 سے اب تک ملک میں 3700 سے زائد دہشتگردی کے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں 3896 افراد شہید ہوئے، جن میں سے 1314 سکیورٹی اہلکار شامل ہیں، جبکہ 2500 سے زائد افراد معذور ہو چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ ان حملوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، جو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے میں ملوث بلوچ علیحدگی پسند تنظیم (بی ایل اے) نے کھلے عام بھارت سے مدد مانگی، جبکہ بھارتی رہنما، سیاستدان اور ریٹائرڈ جرنیل اس کی پشت پناہی کرتے نظر آئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت امریکہ نہیں اور پاکستان افغانستان نہیں، بھارت اسرائیل نہیں اور پاکستان فلسطین نہیں ہے۔ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان کا ردعمل نہایت شدید ہوگا اور دشمن کو ایسی قیمت چکانی پڑے گی جو وہ بھول نہیں پائے گا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے جن میں تین جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے، لیکن بھارت اس حقیقت کو ماننے کو تیار نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے عالمی برادری کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور بھارت اسے جبر کے ذریعے اندرونی مسئلہ ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، جو کسی صورت قبول نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں