0

ملالہ یوسف زئی کا لبنان کے بچوں کیلئے بڑا اقدام، تعلیم کیلئے ڈیڑھ لاکھ ڈالر عطیہ

لاہور: (نیا محاذ) نوبل انعام یافتہ اور عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے جنگ سے متاثرہ لبنان میں تعلیم کی بحالی کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ملالہ نے بتایا کہ اگرچہ لبنان میں جنگ بندی کا اعلان کیا جا چکا ہے، تاہم جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے باعث اب بھی صورت حال انتہائی سنگین ہے۔ ان حملوں کی وجہ سے 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔
ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ لبنان میں ہزاروں بچے اس وقت تعلیمی اداروں سے محروم ہو چکے ہیں اور انہیں تعلیم کے لیے محفوظ و مستحکم ماحول دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم سے دور رکھنا نہ صرف ان کے مستقبل کے لیے خطرناک ہے بلکہ پورے معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔
ملالہ نے بتایا کہ ان کا ادارہ ملالہ فنڈ لبنان میں بچوں کی تعلیم اور بحالی کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ فراہم کر رہا ہے تاکہ ان بچوں کو دوبارہ اسکول جانے کا موقع مل سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، چاہے وہ کسی بھی ملک یا پس منظر سے تعلق رکھتا ہو، اور ہمیں ایسے نازک وقت میں ان بچوں کا ساتھ دینا ہوگا جو جنگ کے باعث بدترین حالات سے گزر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں