0

مصر کے مفتی اعظم کا فتویٰ: سعودی اجازت کے بغیر حج کرنا شرعی گناہ ہے

قاہرہ: (نیا محاذ) مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر نظیر محمد عیاد نے واضح کیا ہے کہ سعودی حکومت کے سرکاری اجازت نامے کے بغیر حج کرنا شرعی طور پر ناجائز اور گناہ کبیرہ شمار ہوتا ہے۔
عرب میڈیا سے بات چیت کے دوران مفتی اعظم نے کہا کہ جب کسی حکومت کی جانب سے اجازت نامہ عوامی مفاد کے لیے لازمی قرار دیا جائے تو اس کی خلاف ورزی قانون شکنی کے ساتھ ساتھ شرعی گناہ بھی ہے۔ ان کے مطابق جو شخص بغیر اجازت نامہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوتا ہے، وہ گناہ گار تصور ہوگا۔
مفتی اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حالات میں حج کا اجازت نامہ حج کی استطاعت کا لازمی حصہ بن چکا ہے، لہٰذا جسے اجازت نہ ملے اس پر حج فرض نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بغیر اجازت حج کرنے والے نہ صرف حج کے انتظامات میں خلل ڈالتے ہیں بلکہ میزبان ملک سعودی عرب کی ساکھ اور سلامتی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
مفتی نے تاکید کی کہ ایسی غیر ذمہ دارانہ حرکتیں نہ صرف اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں بلکہ اپنے ملک کی عزت و وقار کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں، اس لیے تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اس فتویٰ کو سنجیدگی سے لیں اور حج کی ادائیگی کے لیے مقررہ ضوابط کی پابندی کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں