پشاور: (نیا محاذ) خیبرپختونخوا حکومت کی اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد جاری ہے، اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی قبضوں اور منشیات کے خلاف کی گئی اہم کارروائیوں کی تین ماہ کی رپورٹ دنیا نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری، فروری اور مارچ کے دوران کارروائیوں میں 11 ہزار 738 میٹرک ٹن گندم برآمد کی گئی، جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشنز میں 17 ہزار 271 میٹرک ٹن کھاد بھی برآمد ہوئی۔ اس دوران 4 ہزار 837 میٹرک ٹن چینی بھی بازیاب کی گئی۔
اسی عرصے میں پٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کو روکتے ہوئے 11 ہزار لٹر سے زائد تیل قبضے میں لیا گیا۔ قبضہ مافیا کے خلاف 410 آپریشنز میں 2 ہزار 296 کنال کروڑوں روپے مالیت کی زمین واگزار کرائی گئی۔ کسٹمز حکام نے مختلف چھاپوں میں 28 ہزار 718 سگریٹ سٹیکس اور 3 ہزار 996 کلوگرام غیر قانونی کپڑا بھی ضبط کیا۔
منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 14 کلوگرام چرس، 136 کلوگرام ہیروئن، 94 کلوگرام افیون، 57 کلوگرام آئس اور 550 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ منشیات اسمگلنگ کے 103 کیسز میں 108 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
بجلی چوری کے خلاف مہم میں 6 ہزار 421 غیر قانونی کنکشن منقطع کیے گئے جبکہ مختلف کارروائیوں میں 10 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
یہ اقدامات صوبائی حکومت کی جانب سے قانون کی بالادستی اور معیشت کے استحکام کے لیے کیے جانے والے سنجیدہ اقدامات کی عکاسی کرتے ہیں، جن سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
