0

بہاول پور: عالمی یوم عجائب گھر پر بہاول پور میوزیم میں رنگا رنگ ثقافتی و ادبی تقریبات کا انعقاد

بہاول پور:عالمی یوم عجائب گھر کے موقع پر بہاول پور میوزیم میں مختلف ثقافتی اور ادبی پروگرام منعقد کیے گئے جن میں عجائب گھروں کے قیام کے مقاصد، ان کی ترقی کے لیے انٹرنیشنل کونسل آف میوزیمز کے کردار اور پاکستان کے دیگر عجائب گھروں کے ساتھ خاص طور پر بہاول پور میوزیم کی اہمیت پر ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔

گورنمنٹ ٹیکنالوجی کالج برائے خواتین کی طالبات کے دستکاریوں کے سٹالز اور کوتھم کالج سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ کا میوزیم کا دورہ بھی اس موقع پر شامل تھا۔ علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنے والی چولستانی بین اور نگارے پر مبنی لوک موسیقی کے پروگرامز نے میوزیم کی رونق کو مزید بڑھا دیا۔ میوزیم کے سٹاف نے وزیٹرز اور طلبہ کے لیے گائیڈ ٹورز کا بھی اہتمام کیا۔
یہ دن اس اہمیت کے پیش نظر شام پانچ بجے تک میوزیم کھلا رکھا گیا اور تمام شہریوں کو مفت داخلہ دیا گیا، جس کی بدولت میوزیم میں دن بھر شہریوں کا تانتا بندھا رہا۔ شہریوں نے میوزیم انتظامیہ کی جانب سے کامیاب پروگرام منعقد کرنے کو سراہا۔
ڈائریکٹر میوزیم محمد زبیر ربانی کی قیادت میں میوزیم آگاہی واک بھی منعقد کی گئی، جس میں طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ اس دن کی مناسبت سے گیلری میں کیک کاٹا گیا۔

ڈائریکٹر میوزیم محمد زبیر ربانی نے کہا کہ “عجائب گھر ماضی، حال اور مستقبل کے دروازے ہیں جہاں مختلف تہذیبوں کے مشترکہ تجربات محفوظ کیے جاتے ہیں۔” انہوں نے بتایا کہ اس سال کے موضوع “عجائب گھروں کا مستقبل اور کمیونٹیز پر اس کے اثرات” کے تحت حالیہ تبدیلیوں نے عجائب گھروں کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں عجائب گھر صرف جامد نمائشیں نہیں بلکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، انٹرایکٹو ڈسپلے، ورچوئل ٹورز اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہر عمر کے افراد کے لیے دلچسپ اور قابل رسائی تجربات مہیا کر رہے ہیں۔
محمد زبیر ربانی نے مزید کہا کہ بہاول پور میوزیم بھی اس جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ کوویڈ 19 کے دوران ورچوئل پروگرامز کے ذریعے وزیٹرز کو میوزیم سے جوڑے رکھا گیا اور نوادرات کی ڈیجیٹائزیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ہم جدید ذرائع کو اپناتے ہوئے معاشرتی امن اور ثقافتی تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

کیپشن:
عالمی یوم عجائب گھر کے موقع پر ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی گیلری میں کیک کاٹ رہے ہیں۔
عالمی یوم عجائب گھر کے موقع پر منعقدہ واک کی قیادت ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی کر رہے ہیں، سٹاف و سٹوڈنٹس موجود ہیں۔
عالمی یوم عجائب گھر کے موقع پر وزیٹرز کو گائیڈ ٹور فراہم کیا جا رہا ہے۔
عالمی یوم عجائب گھر کے موقع پر میوزیم میں لوک موسیقی کے پروگرام میں موسیقار اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
نادیہ نورین
آفیسر تعلقات عامہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں