اسلام آباد: (نیا محاذ) حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-2026ء کے بجٹ میں ملک کی مجموعی معاشی شرح نمو کا ہدف 4.4 فیصد مقرر کرنے کی تجویز دے دی ہے، جس کا مقصد ملکی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف 4.8 فیصد، صنعتی شعبے کا 4.8 فیصد اور خدمات کے شعبے کا ہدف 4.3 فیصد رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ اہداف حکومت کی جانب سے مختلف معاشی شعبوں کو متوازن ترقی دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
ان اہداف پر باقاعدہ مشاورت 26 مئی کو ہونے والی اے پی سی سی (اینول پلاننگ کوآرڈینیشن کمیٹی) کے اجلاس میں کی جائے گی، جس کے بعد ان کی حتمی منظوری قومی اقتصادی کونسل دے گی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں مالی سال 2024-2025ء کے لیے حکومت نے 3.6 فیصد شرح نمو کا ہدف مقرر کیا تھا۔ زرعی پیداوار کا ہدف 2 فیصد، صنعتی ترقی کا ہدف 4.4 فیصد اور خدمات کے شعبے کا ہدف 4.1 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔
ماہرین اقتصادیات کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے مقرر کردہ اہداف کافی پرعزم ہیں، جن پر عملدرآمد کے لیے مستحکم مالی و پالیسی اقدامات ناگزیر ہوں گے۔
