لاہور: (نیا محاذ) پاکستان کے خلاف ایک اور سازش رچاتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے مردوں کے ایشیا کپ اور خواتین کے ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبرداری کا فیصلہ کر لیا ہے، جسے ماہرین نے کرکٹ کو سیاست میں الجھانے کی ایک اور کوشش قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ 2025، جو جون میں سری لنکا میں شیڈول ہے، سے زبانی طور پر دستبرداری کی اطلاع ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو دے دی ہے۔
مزید یہ کہ مردوں کا ایشیا کپ ستمبر 2025 میں کھیلا جانا ہے، جس سے بھی بھارت کی دستبرداری کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
بی سی سی آئی کے اہلکار کا کہنا ہے کہ “چونکہ ایشیا کپ کے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے موجودہ چیئرمین محسن نقوی ہیں، جو پاکستان کے وفاقی وزیر بھی ہیں، اس لیے ہم کسی ایسے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکتے جس کا انتظام پاکستان کر رہا ہو۔”
ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کو اپنی تحریری دستبرداری نہیں بھیجی، تاہم مسلسل حکومتِ ہند سے مشاورت کی جا رہی ہے، اور دیگر مجوزہ ایشین کرکٹ ایونٹس کو بھی فی الحال روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اس وقت ایشیا کپ کا دفاعی چیمپئن ہے اور اگر وہ دستبردار ہوتا ہے تو یہ نہ صرف ٹورنامنٹ کی ساکھ پر سوال اٹھائے گا بلکہ ایشیائی ممالک کے درمیان کھیل کے فروغ پر بھی منفی اثر ڈالے گا۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی یہ حرکت کھلے عام سیاست کو کھیل پر مسلط کرنے کی مثال ہے، اور اس سے ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلوں پر بھی دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ پاکستان کے شائقین اور کرکٹ حلقوں نے بھارت کے اس رویے کو کھیل دشمن قرار دیتے ہوئے اے سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے اس غیر سنجیدہ طرز عمل کا نوٹس لے۔
