0

یومِ تشکر پر وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب: دشمن کو سبق سکھا دیا، پاکستان ناقابلِ تسخیر بن گیا

اسلام آباد: (نیا محاذ) وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تشکر کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کیا گیا ہے جسے وہ ساری عمر نہیں بھولے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنوبی ایشیا کا تھانیدار بننے والا دشمن اب خود کو سنبھالنے کے قابل نہیں رہا کیونکہ ہم نے اس کے چھ طیارے گرا دیے۔
یومِ تشکر کی یہ خصوصی تقریب اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم مہمانِ خصوصی تھے۔ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے وزیراعظم کو سلامی دی، جبکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار فلائی پاسٹ کے ذریعے قوم کے جذبے کو سلام پیش کیا۔ تقریب میں سروسز چیفس، وفاقی وزرا، سفارتکار اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
وزیراعظم نے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمارے قومی اتحاد، قربانی اور عزم کا عکاس ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دشمن کو بارہا مذاکرات کی دعوت دی گئی لیکن اُس نے تکبر اور غرور میں پاکستان پر حملہ کیا۔ چھ سالہ معصوم بچے سمیت کئی بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، لیکن پھر افواجِ پاکستان نے دشمن کو ایسا جواب دیا کہ دنیا حیران رہ گئی۔
وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھرپور جواب دینے کی اجازت طلب کی تھی، اور جب حملہ کیا گیا تو پٹھان کوٹ، ادھم پور سمیت کئی مقامات پر دشمن کو منہ کی کھانی پڑی۔ بعد ازاں، دشمن خود سیزفائر کی درخواست کرنے پر مجبور ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے چینی ساختہ ٹیکنالوجی اور مقامی مہارت سے دنیا کو حیران کر دیا، اور آج دنیا بھر میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کے چرچے ہو رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ اب کوئی طاقت پاکستان کو ترقی سے نہیں روک سکتی، قوم متحد ہے اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پیش کیے، شہدا کے لیے دعائیں کی گئیں اور قومی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ آج کا دن تاریخ کا وہ روشن لمحہ ہے جو صدیوں یاد رکھا جائے گا، اور اب وقت ہے کہ پاکستان کو اس منزل کی طرف لے جایا جائے جس کے لیے یہ ملک وجود میں آیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں