0

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر دو بچوں کے باپ کو قتل کر دیا گیا

کراچی: (نیا محاذ) شہر قائد میں ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ڈکیتی مزاحمت پر دو بچوں کے باپ کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ افسوسناک واقعہ لانڈھی کے علاقے چار نمبر، گلی نمبر دو، اسکول گلی میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار سفاک ڈاکوؤں نے 36 سالہ شاہ فہد کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر موقع سے فرار اختیار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کو چہرے پر گولی ماری گئی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شاہ فہد کے بھائی شاہ اویس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بھائی شیر شاہ میں کمپریسر مکینک کا کام کرتا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ فروخت کا کاروبار بھی کرتا تھا۔ وہ موٹر سائیکل پر گھر واپس آ رہا تھا کہ قریب ہی موجود ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی کوشش کی، مزاحمت پر اسے گولی مار دی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں