اسلام آباد: (نیا محاذ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے اتحاد اور جرات کے ساتھ دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کیا، جبکہ ملکی میڈیا نے ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنا کردار ادا کیا۔
جنرل عاصم منیر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کا میڈیا ہمارا فخر ہے، جس نے نہ صرف حقیقت پر مبنی کوریج فراہم کی بلکہ بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کا مدلل اور مؤثر جواب بھی دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کچھ نہیں چھپایا بلکہ ہر چیز سچائی کے ساتھ قوم کے سامنے رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے جس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ ستائش ہے، پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستانی میڈیا نے کس وقار کے ساتھ حالات کو پیش کیا۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ پوری قوم نے جس اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ ہماری طاقت ہے۔ یہی اتحاد دشمن کے جھوٹے پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب ہے۔
