لاہور: (نیا محاذ) معروف اداکار جاوید شیخ نے حالیہ ملکی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے پاک فوج کی جرات اور بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت نے نہ صرف دشمن کو جواب دیا بلکہ پوری قوم کو بھی متحد کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کو ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ بھارت کی آنکھیں کھل گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر قوم نے بھی غیر معمولی اتحاد کا مظاہرہ کیا، ہر شخص نے سیاسی، لسانی اور نظریاتی اختلافات کو بھلا کر ملک کے دفاع میں یکجہتی کا ثبوت دیا۔
جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو کمزور سمجھ کر بلوچستان اور گلگت بلتستان سے متعلق ہرزہ سرائی کی، مگر پاک فوج کی جرات مندانہ کارروائی نے دشمن کی یہ خام خیالی ختم کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک فوجی معرکہ نہیں بلکہ اسلام کے دفاع کی جنگ تھی، بھارت کو اسرائیل کی مدد حاصل تھی مگر وہ بھی کچھ نہ کر سکا۔
اداکار نے مزید کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ جس پاکستان کو کمزور سمجھا جا رہا تھا، اسی نے اپنی حکمت عملی، جذبہ ایمانی اور قومی یکجہتی سے سب کو حیران کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم مستقل طور پر ایک قوم بن جائیں اور اپنی افواج کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہوں۔
