0

پاکستان کی حمایت پر بھارت کا ترکی کی کمپنی پر ردعمل، سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ

نئی دہلی: بھارت نے ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے ترک ایئرپورٹ سروس کمپنی “سیلیبی” کی سیکیورٹی کلیئرنس فوری طور پر منسوخ کر دی ہے۔
بھارتی وزارت شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی کو درپیش ممکنہ خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں ترکی اور آذربائیجان کی پاکستان کے حق میں کھلی حمایت کے بعد بھارت میں عوام کی جانب سے ان ممالک کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے، اور لوگ اپنے سفری منصوبے منسوخ کر رہے ہیں۔
دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ سیلیبی ایئرپورٹ سروسز انڈیا سے علیحدگی کے بعد اب “AISATS” اور “Brid Group” کے ساتھ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بھارتی ڈپٹی وزیر شہری ہوابازی مرلی دھر موہول نے میڈیا کو بتایا کہ ملک بھر سے سیلیبی کمپنی پر پابندی لگانے کے مطالبات کیے جا رہے تھے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ سیلیبی ایئرپورٹ سروسز بھارت کے نو بڑے ہوائی اڈوں پر گراؤنڈ ہینڈلنگ کی خدمات فراہم کرتی تھی۔ تاہم کمپنی نے بھارتی حکومت کے اس فیصلے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں