کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، ہنڈرڈ انڈیکس میں 300 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
جمعہ کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث 100 انڈیکس 120,380 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ گزشتہ روز بھی مارکیٹ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 1425 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 119,961 پوائنٹس پر دن کا اختتام کیا تھا۔
کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں جاری تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہے، جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ٹیکس پالیسیوں سے متعلق مثبت توقعات بھی مارکیٹ میں سرگرمی کا باعث بن رہی ہیں۔
ادھر انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد ڈالر 281.61 روپے سے کم ہو کر 281.50 روپے پر آگیا۔ ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں یہ بہتری درآمدی اخراجات پر دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
