سڈنی: آسٹریلیا کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے بھارتی پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے باقی میچز میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارت واپس جانا ممکن نہیں۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق مچل اسٹارک نے اپنی ٹیم دہلی کیپیٹلز کو فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا ہے اور انہیں بقیہ میچز میں عدم دستیابی کے بارے میں مطلع کر دیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسٹارک اس میچ کا حصہ تھے جو دھرم شالا میں بلیک آؤٹ کی وجہ سے ملتوی ہوا تھا۔ ان کی اہلیہ، کرکٹ اسٹار ایلیسا ہیلی بھی اس دوران وہاں موجود تھیں اور انہوں نے ایک انٹرویو میں دھرم شالا کے غیر معمولی حالات سے پردہ اٹھایا تھا۔
دوسری جانب، آسٹریلوی فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ کندھے کی تکلیف کے باوجود بھارت روانہ ہو رہے ہیں اور وہ رائل چیلنجرز بنگلور کو پلے آف سے قبل جوائن کریں گے۔ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور بلے باز ٹریوس ہیڈ بھی بھارت میں اپنی فرنچائزز کو جوائن کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
